حکومت انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو عالمی برانڈ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال
لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو عالمی برانڈ بنانے اور اپ گریڈ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئر اینڈ ٹیکنالوجی میں شعبہ کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن سسٹم انجینئرنگ، فائر لیبارٹری اور اکیڈمک بلاک کی نئی عمارتوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور، یو ای ٹی ٹیکسلا، یو ای ٹی پشاور، بی یو ای ٹی خضدار اور این ای ڈی کراچی کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل افراد ایڈوانس ہنر سیکھ کر قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے وفاقی وزیر کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کہا اور تقریب میں ان کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔